منتخب نمائندوں پر سیدھی فائرنگ کی گئی ،سہیل آفریدی کا دعویٰ
بانی کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جارہے تھے ، کئی کارکن زخمی،گولیاں جسموں میں موجود عوام پر گولیاں چلانا آسان،عمران کی ہسپتال منتقلی مشکل ، زخمی میڈیا کے سامنے پیش
اسلام آباد،پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ نہتے عوام اور منتخب نمائندوں پر گولیاں چلانا آسان مگر عمران خان کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنا مشکل بنا دیا گیا ہے ۔ پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے انہوں نے کہا منگل کو وہ اپنی کابینہ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر منتخب نمائندوں کے ہمراہ عمران خان سے اظہارِ یکجہتی اور انکی صحت پر اظہارتشویش کیلئے اسلام آباد جا رہے تھے ، مرکزی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو بند کر دیا گیا ،راولپنڈی اور اسلام آباد کے لاکھوں شہری بھی 10 سے 11 گھنٹے شدید ٹریفک جام اور آمدورفت میں مشکلات کا شکار رہے ۔ موقع پر اسلام آباد پولیس اور انسداد دہشتگردی سکواڈ کی بھاری نفری تعینات تھی،اہلکاروں کو بندوقوں میں کارتوس بھرتے دیکھا گیا ، خیبرپختونخوا کے منتخب نمائندوں اور کار کنوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، متعدد کارکن گولیوں سے زخمی ہوئے ، رکن قومی اسمبلی انور تاج کو گرفتار کیا گیا ، زخمی کارکنوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے انہوں نے کہا بعض افراد کے جسموں میں اب بھی گولیاں موجود ہیں ،آپ گولیاں چلائیں گے تو ہم سینے پیش کرینگے ، آپکی گولیاں ختم ہو جائینگی مگر ہمارے سینے ختم نہیں ہونگے ۔