جعلی سموں کے ذریعے بینک فراڈ، بینکر سمیت 3ملزم گرفتار

جعلی سموں کے ذریعے بینک فراڈ، بینکر سمیت 3ملزم گرفتار

غیرقانونی ملٹی فنگر پرنٹ بائیو میٹرک سسٹم سے ڈپلیکیٹ سمیں نکلوائی گئیں انہی نمبروں سے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر کے لاکھوں روپے منتقل کئے

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور نے جعلی سموں کے ذریعے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر کے شہریوں کی رقوم چوری کرنیوالے منظم گروہ پکڑتے ہوئے بینکر سمیت3ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب علی وسیم کی ہدایت پر کی گئی۔ملزموں میں طیب، عمر اور نجی بینک سے تعلق رکھنے والا سہولت کار عاطف شامل ہے ۔ ملزم شہریوں کے شناختی کوائف حاصل کر کے غیر قانونی ملٹی فنگر پرنٹ بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے جعلی اور ڈپلیکیٹ سمیں جاری کرواتے ۔ بعد ازاں انہی نمبروں کی مدد سے متاثرین کے آن لائن بینکنگ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر کے لاکھوں روپے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کیے جاتے تھے ،این سی سی آئی اے نے مقدمہ  

درج کرکے کارروائی میں دو موبائل فونز اور 11 سمیں بھی برآمد کر لیں۔ ملزم جدید سائبر فراڈ کے ذریعے شہریوں کی مالی معلومات چوری کرنے میں ملوث تھے ۔متعدد متاثرین سے بھاری رقوم ہتھیانے کے شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔تفتیشی آفسر نجم باجوہ کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں