پاکستان، ایشین بینک کا توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد نے ملاقات کی جس میں توانائی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے، تکنیکی روابط مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی کام کر رہی ہے اور جدید اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب اس حکمتِ عملی کا اہم جزو ہے ۔ ایک کروڑ میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے جبکہ ابتدائی مرحلے میں پندرہ لاکھ میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔ بینک وفد نے پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بینک کے پاس اس وقت تقریباً 100 سے 150 ملین ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری پائپ لائن میں ہے ۔ بینک قابلِ تجدید توانائی، پائیدار انفراسٹرکچر اور ٹرانسمیشن منصوبوں کی مالی معاونت کے امکانات کا جائزہ لے گا۔