جے یو آئی اور جماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف ملک گیر مظاہرے ،ریلیاں
لاہور میں جے یو آئی کا دھرنا، تاجر و ں کی بھی شرکت ،راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرین سراپا احتجاج مال روڈ پر جماعت اسلامی کا مارچ، عید کے بعد پہیہ جام ہڑتال کی کال دینگے :حافظ نعیم ،کراچی میں پریس کانفرنس
لاہور، کراچی، پشاور (سیاسی نمائندہ ، سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر جمعہ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور مہنگائی کے خلاف ملک گیراحتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور دیگرچھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف عیدکے بعد پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی کال پرجمعہ کو ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا، لاہور میں جے یو آئی نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا ، جس کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان، صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز، جمال عبدالناصر، حافظ عبدالرحمن، یوسف حنفی، پروفیسر ابوبکر ، قاری غلام حسین، قاری امجد سعید، مولانا مقصود الوریٰ، شاہد اسلم،حاجی محمد اکرم، مولانا نوفل ربانی، مولانا فاضل عثمانی ودیگر نے کی۔
مظاہرے سے خطاب میں مولانا امجد خان نے کہا کہ حکمران عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑنے سے گریز کریں ، ہماری قیادت نے حکم دیا تو اسلام آباد مارچ کرنے کیلئے بھی تیار ہیں ۔جے یوآئی کے زیراہتمام راولپنڈی،کوئٹہ،پشاور،کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا، مقررین نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔دوسری طرف جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پردیگر شہروں کی طرح لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری کی زیر قیادت مال روڈ پرمہنگائی کیخلاف مارچ کیا گیا جس میں رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ شرکاء نے پٹرول پر عائد لیوی کے خاتمے ، مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ ہاؤس اور پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ سمیت شدید ترین احتجاجی اقدامات سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری نے قصور میں مظاہرین سے خطاب کیا۔ بنوں ، مری ،کوئٹہ ،ملتان،فیصل آباد ، اوکاڑہ میں بھی شدید احتجاج کیا گیا۔ پختونخوا ،بلوچستان، سندھ کے کئی علاقوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی عوام دشمن پالیسیوں، مہنگائی، ٹیکسوں اور ظالمانہ پٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک جاری اور حکمرانوں کا پیچھا کرتی رہے گی۔ کراچی کے 14مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ ادارہ نورحق میں ملک گیر احتجاجی تحریک کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ، پٹرولیم مصنوعات پر 117 روپے سے زائد کی لیوی وصول کی جارہی ہے ، جسے جماعت اسلامی نے آئینی عدالت میں چیلنج کیا ہوا ہے ، بلاول بھٹو کی جانب سے 300 یونٹ مفت بجلی دینے کے دعوے کا کوئی وجود نظر نہیں آتا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کرپشن کا گڑھ ہے ، اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا ایک جانب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے جبکہ مریم نواز اربوں روپے کے جہاز میں سفر کررہی ہیں، چیئرمین سینیٹ نے 9کروڑ روپے کی گاڑی حاصل کررکھی ہے اور بیوروکریسی بڑی بڑی گاڑیوں میں بیٹھ کر عوام کی قسمت کے فیصلے کررہی ہے ۔