ایئر چیف کا دورہ ترکیہ ، اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں
تاریخی استقبال ، گارڈ آف آنر ، مشقوں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(آئی این پی )سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران دفاعی، فضائیہ اور ایرو اسپیس کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں،اس موقع پر ا یئر چیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتیں کیں ، ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون، ایرو سپیس جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے سلسلے میں ا یئر چیف نے سب سے پہلے ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز میں جنرل ضیا کمال کادی اوغلو سے ملاقات کی جہاں انہیں تاریخی اور پرتپاک استقبال کے ساتھ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے پیش کیا گیا۔
اس موقع پر مشترکہ عسکری مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلہ پروگرامز اور جدید تربیتی اقدامات کے ذریعے پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی اور باہمی استعداد کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ،سربراہ ترک فضائیہ نے ترک پائلٹس کی ٹریننگ میں پاک فضائیہ کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دونوں فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل فہم کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا ، بعد ازاں سربراہ پاک فضائیہ نے ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، عسکری روابط مختلف شعبہ جات میں مشترکہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ،ا یئر چیف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اسلامی اخوت، باہمی اعتماد اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔ ترک وزیرِ دفاع نے موجودہ قیادت کی جانب سے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید سطح پر استوار کرنے کے عمل کو سراہا ۔