بی ڈی ایس امتحانات کے نتائج جاری،84 فیصد طلبہ کامیاب
پنجاب کے 17 الحاق شدہ ڈینٹل کالجوں کے 756 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی روما شاہدکی پہلی، ولید نعیم دوسری ،میراب عمران اور بشریٰ شاہد کی تیسری پوزیشن
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )بی ڈی ایس فائنل پروفیشنل سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان، 84 فیصد سے زائد طلبہ کامیاب ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے فائنل پروفیشنل بی ڈی ایس سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج عملی امتحانات کے اختتام کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر جاری کیے گئے ۔ امتحانات مارچ سے مئی 2026 کے دوران منعقد ہوئے جن میں پنجاب کے 17 الحاق شدہ ڈینٹل کالجوں کے طلبہ نے شرکت کی۔ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 756 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 638 کامیاب قرار پائے ، اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 84اعشاریہ95 فیصد رہا۔انفرادی پوزیشنز میں یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کی طالبہ روما شاہد نے 703 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن،ڈی مونٹمورنسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور کے طالبعلم محمد ولید نعیم نے 698 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر ڈی مونٹمورنسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور کی طالبہ میراب عمران اور یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کی طالبہ بشریٰ شاہد نے 688، 688 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی۔