دنیا میں پاکستان اور فیلڈ مارشل کا ڈنکا بج رہا ،فواد چودھری
قومی حکومت ناگزیر، ملک میں سیاست کی جگہ نہیں ہوگی تو مسائل پیدا ہونگے پارلیمنٹ میں کوئی حقیقی اپوزیشن نہیں ،محمد علی درانی ، میڈیا سے بات چیت
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی(این ڈی سی)کے رہنماؤں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان اور فیلڈ مارشل کا ڈنکا بج رہا ہے ۔پوری دنیا پاکستان کو پیس میکر کے طور پر دیکھ رہی ہے ،،قومی حکومت وقت کی ضرورت ہے ، پاکستان میں سیاست کی جگہ نہیں ہوگی تو مسائل پیدا ہوں گے ،بانی پی ٹی آئی کو ملاقات میں کہا تھا کہ سیاستدان ہونے کے ناطے ہمیں سیاسی سپیس چاہیے ، موجودہ پی ٹی آئی لیڈر شپ اورتحریک تحفظ آئین پاکستان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ،یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں کردار ادا کیا۔پارلیمنٹ میں کوئی حقیقی اپوزیشن نہیں۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی عوام کے مفاد کیلئے کوئی بھی قانون سازی نہیں ہونے دیتیں۔
ان خیالات کا اظہارنیشنل ڈائیلاگ کمیٹی(این ڈی سی)کے رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء فواد چودھری، محمد علی درانی اورسینیٹر وسیم شہزاد نے نیشنل پریس کلب کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا بھر میں پاکستان اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا ڈنکا بج رہا ہے ۔محمد علی درانی نے کہا کہ اب ہمیں ایک حقیقی حکومت کی طرف بڑھنا پڑے گا اور قومی حکومت قائم کرنا ہوگی۔پیپلز پارٹی اور شریف فیملی نے طے کر لیا ہے کہ ادھر تم اور ادھر سندھ میں ہم ، جس سے وفاق کی پالیسی ختم ہو گئی ،پارلیمنٹ میں کوئی حقیقی اپوزیشن نہیں۔