ستھرا پنجاب ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں:عظمیٰ بخاری

ستھرا پنجاب ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں:عظمیٰ بخاری

بلوچستان میں دہشتگردی قابل مذمت ،شہدا کا قرض اتارا جائیگا :وزیر اطلاعات عیدالاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی اور صفائی انتظامات کئے جا رہے ہیں:بلال یاسین

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام افسروں اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں تاکہ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات مو ثر انداز میں جاری رکھے جا سکیں،مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنا دیا گیا ، زائد کرائے وصول کرنے پر پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس منسوخ کردیئے جائیں گے ،چاند رات کوآتش بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بلوچستان  میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان میں  فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن جاری ہے ،تیس سے زائد شہدا کے لہو کا قرض اتارا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے حوالے سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں ، شہریوں میں ایک کروڑ بیس لاکھ بیگز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کے ذریعے لوگوں کی زندگیاں بدلتی دیکھی گئی ہیں،جون تک ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھر مکمل کر لیے جائیں گے ، وزیر اعلیٰ کی ہدایت ہے ہر سال ایک لاکھ گھر تیار کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے سفارتی سطح پر بھی اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی سب سے اہم ہے ، سیاسی اور عسکری ادارے ملک کے ایک ایک چپے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ، پاکستان دنیا کے سامنے بھارتی و افغان پراکسیز کو بے نقاب کر چکا ہے ۔ بلال یاسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کر دی گئیں ، پنجاب بھر میں متعدد مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں اور 17 ہزار غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کا انخلا مکمل کیا جا چکا ،عیدالاضحیٰ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اور صفائی انتظامات کئے جا رہے ہیں، 40 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے ،واسا کے 21 ہزار ملازمین عید کے دوران ڈیوٹی انجام دیں گے اور فیلڈ آفیسرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں