مارگلہ ہلز،جنگلات میں آتشزدگی،سینکڑوں درخت خاکستر

مارگلہ ہلز،جنگلات میں آتشزدگی،سینکڑوں درخت خاکستر

مارگلہ نیشنل پارک کے مختلف مقامات پر لگنے والی آگ پر رات گئے قابو پالیا گیا کوٹلی ستیاں میں لگنے والی آگ کہوٹہ تک پھیل گئی ، 95فیصد بجھا دی ، پی ڈی ایم اے

اسلام آباد،کوٹلی ستیاں (خصوصی رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے مختلف مقامات پر لگنے والی آگ پر رات گئے کامیابی سے قابو پالیا گیا ۔ ترجمان سی ڈی اے کے مطابق گولڑہ رینج اور بہارہ کہو رینج میں آگ بجھانے کے لیے انوائرنمنٹ ونگ کے 120 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا اور مسلسل کئی گھنٹوں تک فائر فائٹنگ آپریشن جاری رکھا۔  ادھر تمیر کے جنگلات میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے بھی سی ڈی اے انوائرنمنٹ ونگ کے 25 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جہاں 80 فیصد سے زائد علاقے میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس آپریشن میں انوائرنمنٹ ونگ کے 48 اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے حصہ لیا۔ علاوہ ازیں کوٹلی ستیاں  کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آ گ کہوٹہ کے جنگلات تک پہنچ گئی ہے جبکہ آگ کے شعلے اور دھواں میلوں دور سے دیکھا جا سکتا ہے ، آگ کے باعث جنگلی حیات کو نقصان پہنچاجبکہ آ گ سے سینکڑوں درخت جل کر راکھ ہو گئے ہیں، باھنگل، لہتراڑ، بھتیاں گزارہ اور کورینہ کے جنگلات بھی آگ کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ مقامی افراد اور ریسکیو اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں ۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ کوٹلی سب ڈویژن کے جنگلات میں آتشزدگی پر تقریباً 95 فیصد قابو پا لیا گیا ہے ، محکمہ جنگلات کی فیلڈ فارمیشن ٹیمیں آگ بجھانے اور کولنگ کے عمل میں مصروف ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں