سیاستدان مظلوم
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سیاستدان سب سے مظلوم طبقہ ہے جن کا نیب سمیت ہر ادارہ اور عوام احتساب کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف اٹک کی منظوری پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شکرگزار ہوں، اپنے دوستوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع اٹک میں کروڑوں روپے کے فلاحی منصوبے مکمل کروائے ہیں، گورنر پنجاب نے کہا کہ ضلع اٹک کی پسماندہ تحصیلوں میں فری ڈائلسز سنٹرز، پینے کے صاف پانی کیلئے فلٹریشن پلانٹ،اجتماعی شادیوں سمیت دیگر سینکڑوں فلاحی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور ملک کی تعمیر و ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے ، تقریب میں پیپلز پارٹی کے عہدیداروں، کارکنوں اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی ۔