لاڑکانہ، محراب پور میں مقابلے ، پولیس اہلکار شہید، ڈاکو ہلاک

لاڑکانہ، محراب پور میں مقابلے ، پولیس اہلکار شہید، ڈاکو ہلاک

گھنٹی پھاٹک لاڑکانہ کے علاقے میں 2اہلکار نشانہ بنے ، ایک اسپتال میں چل بسا آئی جی، وزیر داخلہ کا نوٹس، محرابپور میں ڈاکو مارا گیا، ڈکیتی مزاحمت پرنوجوان قتل

لاڑکانہ، محراب پور (نمائندگان دنیا)لاڑکانہ اور محراب پور میں مقابلوں کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی جبکہ ایک ڈاکو مارا گیا۔ دوسری جانب ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے تھانہ سول لائن کی حدود گھنٹی پھاٹک کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جہاں مسلح ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جسکے نتیجے میں گشت پر مامور 15 پولیس کے دو اہلکار مجیب الرحمان سولنگی اور نعمت اﷲ میمن شدید زخمی ہوگئے ، جنہیں علاقہ مکینوں نے تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ٹراما سینٹر منتقل کیا، جہاں پولیس اہلکار مجیب الرحمان سولنگی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا، جبکہ زخمی اہلکار نعمت اﷲ میمن کو طبی امداد فراہم کی گئی، ڈاکٹروں کے مطابق اسکی حالت بھی تشویشناک ہے ، واقعے کے بعد ضلع کے مختلف تھانوں کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے شہر بھر کی ناکہ بندی کردی، ادھر شہید پولیس اہلکار مجیب الرحمان سولنگی کی نمازِ جنازہ پورے اعزاز کے ساتھ پولیس ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی۔

جس میں پولیس افسران، شہید کے اہل خانہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، بعد ازاں انہیں سپردِ خاک کردیا گیا، دوسری جانب وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے ، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ، آئی جی سندھ نے شہید پولیس اہلکار مجیب الرحمن کی بہادری، جرأت اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ دریں اثنا مورو تھانے کی حدود سندھ کالونی میں مبینہ مقابلے میں گاؤں مچر کا رہائشی بدنام زمانہ ڈاکو دانش عرف جانی وسطڑو ہلاک ہوگیا، میڈیکل آفیسر کے مطابق ڈاکو کو سر میں گولی لگی جو موت کا سبب بنی، ایس ایچ او مورو امتیاز علی کھاوڑ کے مطابق ڈکیتی کی اطلاع پرپولیس پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا، ذرائع کے مطابق پولیس کو مطلوب دانش عرف جانی وسطڑو کو ہفتہ قبل گرفتار کیا گیا تھا اور ڈیل نہ ہونے پرمبینہ مقابلے میں مار دیا گیا، مقابلے میں ہلاک ڈاکو کی والدہ کو پولیس نے مقامی وڈیرے کی ضمانت دینے تک لاش دینے سے انکار کر دیا، دوسری جانب اکری تھانے کی حدود علی آباد کے قریب رہزنوں نے ڈکیتی مزاحمت پر عبد الرزاق ولد لائق مجیدانو کو گولیاں مار دیں ، زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں