پی آئی اے کی پہلی حج پرواز حجاج کو لیکر جدہ سے کراچی پہنچ گئی
کراچی(آئی این پی )قومی ایئر لائن پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس کے تحت پہلی حج پرواز حجاج کرام کو لے کر جدہ سے کراچی پہنچ گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے 860 کے ذریعے 100 سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچے ۔ کراچی ایئرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر عمر خان اور دیگر افسران نے کیا جبکہ پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے ۔ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا، اس دوران قومی ایئرلائن جدہ اور مدینہ منورہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔ترجمان کے مطابق بعد از حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 213 پروازیں چلائی جائیں گی جن کے ذریعے 53 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج کرام کو وطن واپس لایا جائے گا۔