نرسنگ کونسل نے 55کالجز کی رجسٹریشن کی منظوری دے دی
کروڑوں روپے جرمانہ کے عوض 4 غیر رجسٹرڈ کالجز کو طلبا کی خاطر رجسٹریشن ملی پاکستان میں نرسز کی تعداد 6ہزار، ضرورت 9 لاکھ ہے ،مصطفی کمال ، پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے تشکیل نو کے بعد 55 کالجز کی رجسٹریشن کی منظوری دے دی، کروڑوں روپے جرمانہ کے عوض 4 غیر رجسٹرڈ کالجز کو طلبا کے بہتر مستقبل کی خاطر چار سال بعد رجسٹریشن دے دی گئی۔پاکستان نرسنگ کونسل اینڈ مڈوائفری کونسل ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا کہ نرسنگ کونسل کی کہانیاں نہ ختم ہونے والی ہیں۔ پوری رات بات کروں تو بھی ختم نہیں ہوگی، نرسنگ کونسل کے شعبے کی زبوں حالی میں انڈیا کی کوئی سازش نہیں بلکہ ہماری اپنی کارکردگی کا فقدان ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ اعداد و شمار چیخ چیخ کر صورتحال بتا رہے ہیں پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی ضرورت ہے جبکہ موجودہ تعداد صرف 6 ہزار ہے ، پڑوسی ملک میں 6 لاکھ نرسز کام کر رہی ہیں دنیا بھر میں 25 لاکھ نرسز کی کمی ہے ۔مصطفی کمال نے کہا کہ سابق صدر کی ڈگری جعلی نکلی، الیکشن بھی جعلی تھا۔ ڈپٹی رجسٹرار کے ساتھ مل کر یہ ایک مافیا بن چکا تھا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرپشن کروانی ہوتی تو پرانے والوں سے دوستی کیوں نہ کرتا؟ وہ تو پیسے بنانے کی مشین تھے۔