جی بی :مہنگائی نے ن لیگ کی مقبولیت کو متاثر کیا :سعد رفیق

جی بی :مہنگائی نے ن لیگ کی مقبولیت کو متاثر کیا :سعد رفیق

پارٹی فنڈز کی عد م دستیابی ، اندرونی گروپنگ بھی وجہ بنی ،حسب روایت تاخیر کی پی ٹی آئی کے ووٹروں نے اپنی جماعت کو میدا ن میں نہ پایا تو پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا

لاہور (این این آئی،آن لائن)سابق وفاقی وزیر وپاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پرگلگت بلتستان کے الیکشن  میں مسلم لیگ (ن)کو بڑی شکست ہونے کا تاثر بالکل درست نہیں تاہم ملک میں بڑھتی مہنگائی نے بھی مسلم لیگ (ن)کی مقبولیت کو متاثر کیا،پی ٹی آئی کے ووٹروں کی اکثریت نے اپنی جماعت کو میدا ن میں نہ پایا تو پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے 6 نشستیں جیتیں ، ہمارے حمایت یافتہ 2 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ، پیپلزپارٹی 10اور مسلم لیگ (ن)8کے نمبرز پر کھڑی ہے ، پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم ہم سے بہت پہلے شروع کی۔

گلگت بلتستان میں انکا تنظیمی ڈھانچہ ہم سے بہتر تھا ، انکی مرکزی قیادت کی جانب سے مہیا کردہ اخراجات کا بے محابا استعمال کیا گیا جبکہ مسلم لیگ (ن)حسب ِ روایت کافی تاخیر سے حرکت میں آئی ،پارٹی فنڈ دستیاب نہیں تھا ، اس کے باوجود ہمارے امیدواروں کا متاثر کن ووٹ حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے ،میری رائے میں مسلم لیگ (ن)حکومت سازی میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعاون کرے لیکن کوئی وزارت نہ لے ،گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن)کیلئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا زیادہ بہتر ہو گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں