قومی اسمبلی : حکومت کی اپوزیشن کو پھر مذاکرات کی دعوت، اجلاس کا بائیکاٹ کرینگے : اچکزئی
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،سرحد پار سے ہدایات پر حالات خراب کیے جا رہے :وزیر قانون کا قومی اسمبلی میں خطاب پارلیمنٹ صرف فاتحہ خوانی کیلئے نہیں :اپوزیشن لیڈر، بجٹ، جی بی الیکشن ،کشمیر معاملے پر تلخ کلامی ، دوترمیمی بلز منظور ایران امریکا تنازع ختم بھی ہو جائے تو اثرات رہیں گے :وزیر خزانہ ، سینیٹ میں 5ترمیمی بلز منظور ،اپوزیشن لیڈر کا واک آئوٹ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات اور پری بجٹ بریفنگ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتی اور آئینی طور پر پابند ہے کہ اپوزیشن کے سوالات کے جواب دے تاہم اس کے لیے مثبت ماحول ضروری ہے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے بجائے قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے ۔ سرحد پار سے ہدایات پر حالات خراب کیے جا رہے ۔وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے آزاد کشمیر سے 38 مطالبات پیش کیے گئے جن میں سے 35 تسلیم کر لیے گئے ۔ آزاد کشمیر میں عوام کو 3 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ آٹے کی قیمت 2 ہزار روپے فی من ہے ، اس سبسڈی کے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کر رہی ہے ۔
وزیر قانون نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائی گئی بہتر ہوتا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ایوان میں تقاریر کے بجائے اے پی سی میں شرکت کرتی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے ۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ، یہ وہی مہاجرین ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ قربان کیا اور پاکستان میں آباد ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سرحد پار سے ہدایات پر حالات خراب کیے جا رہے ہیں، اس حساس معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہیے ۔ گلگت بلتستان میں انتخابی عمل سے متعلق دعوے درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی مدت مکمل ہو چکی ہے ، ہم نے بار بار اپوزیشن کو مل بیٹھنے کی دعوت دی ہے اور آئینی عمل کے لیے دوبارہ دعوت دیتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے جسے روکا جانا چاہیے ، اور اسی احتجاج کے طور پر اپوزیشن اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ کرے گی۔
گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ملک میں روزانہ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ پارلیمنٹ صرف فاتحہ خوانی کے لیے نہیں بنی بلکہ اسے اپنے اختیارات اور وقار کا تحفظ کرنا ہوگا۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے 24 میں سے 23 حلقوں میں ان کی جماعت انتخابی میدان میں موجود تھی اور متعدد نشستوں پر کامیابی کی پوزیشن میں تھی، دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ تبدیل کیا گیا۔ آزاد کشمیر کے معاملات میں افہام و تفہیم سے کام لیا جانا چاہیے ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی صورتحال، بجٹ، گلگت بلتستان انتخابات اور کشمیر کے معاملات پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ قومی اسمبلی نے قانون سازی کے دوران دوترمیمی بلز منظور کر لیے ۔ایوان نے انٹربورڈز کوآرڈی نیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی جس کا مقصد تعلیمی بورڈز کے درمیان رابطوں اور انتظامی امور کو مزید موثر بنانا ہے ۔
ایوان نے علاقہ دارالحکومت اسلام آباد نجی تعلیمی ادارے رجسٹریشن و انضباط (ترمیمی) بل 2026 بھی منظور کر لیا جس کے ذریعے اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن اور ضابطہ کار سے متعلق قانونی فریم ورک میں ترامیم کی گئی ہیں۔ وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ یو این ڈی پی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 3 لاکھ 66 ہزار افراد ایچ آئی وی کا شکار ہیں جبکہ ملک بھر کے اے آر ٹی سینٹرز میں 84 ہزار افراد رجسٹرڈ ہیں۔ اسلام آباد میں رپورٹ ہونے والے 611 ایچ آئی وی کیسز میں سے صرف 200 اسلام آباد کے رہائشیوں کے ہیں جبکہ باقی افراد ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ نکتہ اعتراض پر نعیمہ کشور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 20 سے 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ اٹلی میں نوجوان کو جلا دیا گیا،اس کی ڈیڈ باڈی کو واپس لانے کے انتظامات کیے جائیں اس پر عون چودھری نے کہا کہ ان کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی ہے ،ان کی تینوں ڈیمانڈز پوری کریں گے ۔
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے امریکا ایران جنگ کے دوران عوام پر کم سے کم اثرات کے لیے مؤثر اقدامات کیے ، پہلے تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ سب کو سبسڈی دینے پر تنقید کی گئی، موٹر سائیکل والوں کے لیے 15.4 ارب روپے کی پٹرول سبسڈی دی گئی، اسی طرح زرعی و دیگر شعبوں میں سبسڈی دی گئی۔ اگر ایران امریکا تنازع فوری بھی ختم ہو جائے تو اس کے اثرات پھر بھی برقرار رہیں گے ۔
سینیٹ میں خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے عوام پر کم سے کم اثرات کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ایوان بالا نے متحرک تصاویر (ترمیمی )2024 سمیت پانچ بلزمنظور کرلئے ، اجلاس میں اپوزیشن لیڈرنے علامتی واک آئوٹ کیا جنھیں مناکر ایوان میں لانے میں حکومتی ممبران کامیاب ہوگئے ۔ اجلاس چیئر مین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہوا۔سینیٹ سے منظور ہونے والوں بلوں میں متحرک تصاویر (ترمیمی ) بل 2024 ،ٹریول ایجنسیز (ترمیمی ) بل 2026، پاکستان ٹورسٹ گائیڈ (ترمیمی )بل 2026 ،پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (تبدیلی ) (منسوخی) بل 2026 اور پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس(ترمیمی )بل شامل ہیں ۔ بعدازاں سینیٹ اجلاس کل جمعہ کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔