اپنا گھر سکیم سے منسلک صنعتوں کو فروغ ملے گا : شہباز شریف

اپنا گھر سکیم سے منسلک صنعتوں کو فروغ ملے گا : شہباز شریف

سکیم کے تحت قرضوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے کا حکم،آگاہی مہم موثر اور ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک بنائیں :وزیراعظم پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے سٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری ،سینئرسیاستدان غلام بلور ،ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں

اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’اپنا گھر سکیم‘‘ میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شمولیت انتہائی خوش آئند ہے اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو زیادہ سے زیادہ افراد اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں گے ۔ ان کے مطابق اس سکیم کی کامیابی سے تعمیرات کے شعبے میں تیزی آئے گی، متعلقہ صنعتوں کو فروغ ملے گا اور مجموعی معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو سکیم میں شمولیت کے لیے مزید سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزارتِ ہاؤسنگ کو سٹیٹ بینک کے ساتھ  مل کر درخواست فارم کو مزید آسان بنانے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے بینکوں کو بھی تاکید کی کہ درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے عمل کو تیز کیا جائے ۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے اور صوبوں کو ہدایت دی کہ ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک قائم کئے جائیں تاکہ زمینوں کے کاغذات کے حصول میں آسانی ہو۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکیم کے تحت اب تک 11 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں۔ ملک بھر سے 67ہزار900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن میں سے 16ہزار587منظور ہو چکی ہیں جبکہ 3ہزار146 افراد کو قرضوں کی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے ۔ایک اور جائزہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے سٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کے پاس مسافروں اور مال برداری کیلئے محفوظ اور سستا نظام بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے ،فریٹ سروس ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے ۔پاکستان ریلویز میں اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریلوے اصلاحات کیلئے عالمی ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات لی جائیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جدید ریلوے نظام ٹریفک کے دباؤ اور کاربن اخراج میں کمی لانے میں مددگار ہوگا جبکہ علاقائی رابطوں اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرے گا۔روڈ میپ میں گورننس کی بہتری، ڈیجیٹائزیشن، نیٹ ورک کی توسیع، ریلوے لائنز کی اپ گریڈیشن اور مسافروں کی سہولیات میں اضافہ شامل ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ریلوے زمینوں سے حاصل آمدن کو نظام کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ دریں اثنا وزیراعظم سے سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے ملاقات کی،جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی، چودھری فرخ الطاف، ریاض الحق، شاہد عثمان اور بابر نواز خان نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں