بی آئی ایس پی:18سال میں بجٹ 722.49 ارب تک پہنچ گیا

بی آئی ایس پی:18سال میں بجٹ 722.49 ارب تک پہنچ گیا

آغاز میں بجٹ33.98ارب ،اعانت کا دائرہ کار بڑھنے سے مرحلہ وار اضافہ ہوا موجودہ مالی سال میں اب تک 540.27ارب روپے جاری ہوئے :دستاویز

 اسلام آباد(حریم جدون) ملک میں پسماندہ طبقے کی مالی اعانت کیلئے قائم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا، 2008 میں پروگرام کے آغاز پر بی آئی ایس پی کا بجٹ 33.98 ارب تھا جو مرحلہ وار بڑھتے ہوئے 2025-26 میں 722 ارب روپے تک پہنچ گیا ۔ابتدا میں اس پروگرام کے تحت بغیر کسی شرح کے 17 لاکھ غریب خواتین نقد امداد سے مستفید ہوتی رہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ نہ صرف بجٹ میں اضافہ ہوتا رہا بلکہ اس کا دائرہ کار بھی وسیع ہوتا گیا ، موجودہ مالیاتی سال 2025-26 میں بی آئی ایس پی کیلئے سب سے زیادہ 722.49 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ۔

اس بجٹ میں سے اب تک 540.27 ارب روپے کی خطیر رقم جاری کی جا چکی ہے ،سال 2025-2026 میں غیر مشروط نقد اعانت کیلئے کل 564.89 ارب روپے جبکہ مشروط اعانت کیلئے 133 ارب روپے مختص کئے گئے ۔ غیر مشروط اعانت کے ذریعے ملک بھر کی ایک کروڑ 2 لاکھ غریب اور مستحق خواتین کو براہ راست مالی سہارا دیا گیا ، مشروط اعانت کے تحت مختلف پراجیکٹس جیسے بے نظیر نشونما پروگرام اور بے نظیر تعلیمی وظائف سکیم کو رقم جاری کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں