اقتصادی سروے غریب عوام کیخلاف فردِ جرم :تحریک انصاف
مہنگائی، بیروزگاری نظر انداز کرکے مصنوعی ترقی کی تصویر پیش کی گئی :شیخ وقاص نیا بجٹ آئی ایم ایف کا ڈاکومنٹ،پیش حکومت کریگی:اسد قیصر و دیگرکا بھی ردعمل
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ پاکستان اکنامک سروے 2025-26 کو مسترد کرتے ہوئے پارٹی ردعمل میں اقتصادی سروے کو اعداد و شمار میں ہیر پھیر، سیاسی پراپیگنڈے اور زمینی حقائق سے چشم پوشی پر مبنی دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقتصادی سروے درحقیقت غریب عوام کے خلاف فردِ جرم ہے جس میں مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مشکلات کو نظر انداز کرکے مصنوعی ترقی کی تصویر پیش کی گئی،حکومت 3اعشاریہ 7 فیصد جی ڈی پی گروتھ کو کامیابی قرار دے رہی ہے جبکہ عمران دور میں معیشت کی شرح نمو 6اعشاریہ 5 فیصد تک پہنچ چکی تھی ،زرعی شعبے میں 2اعشاریہ 89 فیصد ترقی کے دعوے بھی مشکوک ہیں۔انہوں نے بڑے پیمانے کی صنعتوں (ایل ایس ایم)میں 6اعشاریہ 1 فیصد ترقی کے دعوے کو بھی مسترد کرتے کہا کہ ملک بھر میں صنعتوں کی بندش، پیداواری سرگرمیوں میں کمی اور سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی زمینی حقائق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں کے سود اور ادائیگیوں کی مد میں ہزاروں ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں جبکہ مجموعی قومی قرضہ مسلسل بڑھ رہا ہے ،حکومت مہنگائی میں کمی کے دعوے کر رہی جبکہ عام آدمی کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں کہا کہ حکومت اپنے کمزور معاشی اشاریوں کو کامیابی قرار دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، تاہم عوام حقیقی معاشی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں، تحریک انصاف اس اقتصادی سروے کو سیاسی مقاصد کیلئے تیار کردہ دستاویز سمجھتی ہے ۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے تیمور سلیم جھگڑا ،قومی اسمبلی کے رکن رانا عاطف و دیگر کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا بجٹ آئی ایم ایف کا ایک ڈاکومنٹ ہے جس کو حکومت نے پیش کرنا ہے ، یہ بدترین بجٹ ہوگا ، لوگوں کی زندگی اجیرن بن جائے گی،اس بجٹ سے مہنگائی آئے گی اور ٹیکس لگیں گے ۔
اسد قیصر نے کہا کہ کئی کئی گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے ، زیادہ ظلم خیبر پختونخوا میں ہو رہا ہے ۔ حکومت ہر کام ڈنڈے کے ساتھ کرنا چاہتی ہے ، ریاست کو کشمیر کے معاملے پر اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے ، عوام کو اپنے فیصلے کرنے کاحق دیں ، آئین اس بات کی اجازت دیتا ہے ۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کسی بھی سیکٹر میں چلے جائیں بدترین حکومت چل رہی ہے ، ملک کے لوگ زندہ لاش کی طرح ہیں، غریب طبقے سے لے کر صنعت کار تک سب کا بیڑہ غرق ہو گیا، اس حکومت کے گھر جانے کا وقت ہوگیا ہے ۔ رانا عاطف نے کہا کہ چار سالوں کی گروتھ پاکستان کی تاریخ کی کم سے کم گروتھ ہے ، بانی پی ٹی آئی کی ساری پالیسیاں عوام دوست تھیں ، اب پٹرولیم لیوی سے 13 فیصد فیڈرل ٹیکس اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔