اسٹاک ایکسچینج میں تیزی،انڈیکس 276پوائنٹس بڑھ گیا

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی،انڈیکس 276پوائنٹس بڑھ گیا

اتار چڑھاؤ کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال،انڈیکس 169,703پربند

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں جمعرات کو اتار چڑھاؤ کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری دیکھی گئی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اقتصادی سروے 26-2025 کے اجراکے بعد 100 انڈیکس مثبت زون میں بند ہونے میں کامیاب رہا۔جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر فروخت کے دباؤ کے باعث انڈیکس 168,682.25 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا، تاہم بعد ازاں خریداری کے عمل نے مارکیٹ کو سنبھالا دیا اور انڈیکس 170,138 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک جا پہنچا۔دن کے آخری پہر میں منافع کے حصول کے لیے کی گئی فروخت سے مارکیٹ دباؤ میں آئی لیکن وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے اقتصادی سروے پیش کیے جانے کے بعد سرمایہ کاروں کی دوبارہ خریداری نے مارکیٹ کو مثبت بندش فراہم کی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 276.16 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 169,703.60 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی تیزی دیکھی گئی ۔ یاد رہے کہ بدھ کو انڈیکس 903.12 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 169,427.44 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود پاکستانی مارکیٹ کی مثبت بندش سرمایہ کاروں کی مقامی معیشت پر اعتماد اور اقتصادی سروے سے وابستہ امیدوں کی عکاسی کرتی ہے ۔ مجموعی طور پر 487 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 190 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 250 میں کمی اور47 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں