شدید گرمی : مریم نواز کا عوام کیلئے شیڈز اور ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کا حکم

شدید گرمی : مریم نواز کا عوام کیلئے شیڈز اور ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کا حکم

بس سٹینڈز، ویگن سٹینڈز اور ریلوے سٹیشنز پر پنکھے اور ایئر کولرز فوری طور پر نصب کئے جائیں شہری غیر ضروری گھر سے نہ نکلیں،ٹریفک پولیس فیملی والا موٹرسائیکل نہ روکیں:وزیراعلیٰ

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر صوبے بھر میں عوام کیلئے ٹھنڈے پانی کے انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر شہر کے چوک اور چوراہوں میں سائے اور شیڈز کا بندوبست کیا جائے تاکہ شہریوں کو گرمی سے ریلیف مل سکے ۔وزیراعلیٰ نے مزید حکم دیا کہ بس سٹینڈز، ویگن سٹینڈز اور ریلوے سٹیشنز پر مسافروں کیلئے ٹھنڈا پانی، پنکھے اور ایئر کولرز فوری طور پر نصب کئے جائیں۔دفاتر میں آنے والے سائلین کیلئے بھی ٹھنڈے پانی کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کو شدید گرمی میں سہولت فراہم کی جا سکے ۔

وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر خواتین، بزرگوں اور بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سکول سمر کیمپس میں طلبہ اور اساتذہ کیلئے بھی ٹھنڈا پانی، پنکھے اور ایئر کولرز کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ان کے مطابق شدید گرمی کے دوران احتیاط اور حفاظتی تدابیر ہی عوام کو لو اور دیگر مسائل سے بچانے کا مو ثر ذریعہ ہیں۔وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ چلچلاتی دھوپ میں موٹر سائیکل سواروں کو بلاوجہ زیادہ دیر تک نہ روکا جائے ،اگر موٹر سائیکل پر خواتین، بچوں یا فیملی کے افراد سوار ہوں تو انہیں دھوپ میں روکنے سے گریز کیا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔حکومتی ہدایات کے مطابق متعلقہ اداروں کو فوری طور پر عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ گرمی کی شدت کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں