فیلڈ مارشل سے ترک کمانڈر کی ملاقات

فیلڈ مارشل سے ترک  کمانڈر کی ملاقات

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترکیہ کی بری افواج کے کمانڈر جنرل میتن توکیل نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز آمد پر ترک فوجی سربراہ کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔ترک بری افواج کے کمانڈر نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا اور چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی ،اس دوران باہمی پیشہ ورانہ امور اور علاقائی بحری سلامتی کے ماحول پر گفتگو کی گئی۔

بعد ازاں جنرل میتن توکیل نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ عسکری تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے ۔ترک فوجی سربراہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں