PTVاپ گریڈیشن ، میڈیا آرکائیو منصوبوں کیلئے 3 ارب مختص
نیشنل انفارمیشن میڈیا آرکائیول ریپوزٹری کیلئے 65کروڑ 92لاکھ کی تجویز دونوں جاری منصوبوں کی مجموعی لاگت 6ارب 94کروڑ سے تجاوز کر گئی
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27کے لئے سرکاری شعبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 3 ارب1کروڑ 89 لاکھ 30 ہزار روپے مختص کر دئیے ، جن میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) کی اپ گریڈیشن اور قومی میڈیا آرکائیو منصوبہ شامل ہیں۔پی ایس ڈی پی دستاویزات کے مطابق نیشنل انفارمیشن میڈیا آرکائیول ریپوزٹری (این آئی ایم اے آر) منصوبے کے لیے آئندہ مالی سال میں 65 کروڑ 92 لاکھ 52 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 2 ارب 96 کروڑ 61 لاکھ 40 ہزار روپے جبکہ 30 جون 2026 تک اس پر 2 ارب 30 کروڑ 68 لاکھ 88 ہزار روپے خرچ کئے جا چکے ہیں،اسی طرح پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی سی) کی اپ گریڈیشن (ری ویمپنگ) منصوبے کے لیے آئندہ مالی سال میں 2 ارب 35 کروڑ 96 لاکھ 78 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں ،منصوبے کی مجموعی لاگت 3 ارب 97 کروڑ 40 لاکھ روپے ، جبکہ جون 2026ء تک ایک ارب 49 کروڑ 19 لاکھ 37 ہزار روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔پی ایس ڈی پی کے مطابق وزارتِ اطلاعات و نشریات کے دونوں جاری منصوبوں کی مجموعی لاگت 6 ارب 94 کروڑ ایک لاکھ 40 ہزار روپے بنتی ہے ، جبکہ 30 جون 2026 تک ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 3 ارب 79 کروڑ 88 لاکھ 25 ہزار روپے خرچ کیے جا چکے ہیں ، باقی ماندہ فنڈز آئندہ مراحل میں منصوبوں کی تکمیل پر صرف کئے جائیں گے ۔