اسرائیل کی خواہش اور کوشش تھی معاہدہ نہ ہو : خواجہ آصف
امریکی انتظامیہ نے دانشمندی کا ثبوت دیا اور پاکستانی کوششیں رنگ لے آئیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، ان شاء اللہ دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ ایک، دو روز میں ہوجائے گا ،خطے میں امن اور اسرائیل کی شکست کیلئے یہ معاہدہ اہم کردار ادا کرے گا ۔اسلام آباد میں امریکا، ایران ممکنہ معاہدے پر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ سن رہے ہیں کہ امریکا ایران معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں،معاہدے میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا مان رہی ہے ، کہا جا رہا ہے اس معاہدے کو اسلام آباد پیکٹ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کسی ملک کی ایسی مثال نہیں ملتی جس نے اتنی بڑی تباہی اور جنگ رکوائی ہو، پاکستان نے مستقل مزاجی کے ساتھ مذاکرات کروائے ، جن میں مشکلات زیادہ تھیں ،پاکستان نے دونوں فریقین کو ٹیبل پر بٹھایا تاکہ گفت و شنید منقطع نہ ہو ،معاہدہ ایک دو دن میں ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مختلف اوقات میں اسرائیل نے منفی اور تباہ کن رول ادا کیا اور لبنان کے اندر بے گناہ بچوں اور شہریوں کو شہید کیا،اسرائیل کی خواہش اور کوشش یہی تھی تنازع جاری رہے، میں سمجھتا ہوں امریکی انتظامیہ نے دانشمندی کا ثبوت دیا ،جس طرح سے ورلڈ لیڈر کا رویہ ہونا چاہیے ، امریکا نے اس کی مثال قائم کی جبکہ ایرانیوں نے 5، 6 ہزار سال پرانی اپنی تاریخ رقم کی ،بہادری اور وطن کی محبت سے سرشار ہو کر اپنا دفاع کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جلد امن کی صورتحال نکلنے کا امکان ہے ، مسائل کا حل بات چیت سے ہی نکلے گا، جنگیں یا کشت و خون مسائل کا حل نہیں ہوتے۔