سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی ناقابل قبول:اسحاق ڈار
کینیڈا ،بحرین اور ترکیہ کے وزراخارجہ کا نائب وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد (دنیا نیوز،نیوزایجنسیاں)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانی کی سیاست کر رہا ہے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جوناقابل قبول ہے ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا ایک غیر قانونی اقدام ہے ۔ معاہدے کے فریم ورک میں تمام تنازعات کے پرامن حل کا واضح طریقہ کار موجود ہے اور عالمی قوانین کے مطابق اس معاہدے پر عملدرآمد بھارت کی ذمہ داری ہے ۔
برسلز میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ پانی انسانی بقا اور وقار کا معاملہ ہے ، اسے کسی بھی ملک کے خلاف دباؤ یا جبر کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، دریں اثنا اسحاق ڈار سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند ،بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کیلئے پاکستان کے تعمیری اور سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں اہم پیش رفت قرار دیا ۔