پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر اتفاق
مسلم لیگ ن کاقائد ایوان کیلئے پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کا اعلان ، سپیکر کیلئے پیپلزپارٹی کی حمایت کرینگے ، ڈپٹی سپیکر اور گورنر (ن) لیگ سے ہوگا :صدر جی بی حفیظ الرحمن گلگت بلتستان کے وسیع تر مفاد کیلئے ایک دوسرے کوسپورٹ کرنیکافیصلہ کیا، استحکام پاکستان پارٹی کیساتھ اتحاد کے امور پر چیئرمین بلاول بھٹو فیصلہ کرینگے :امجدایڈووکیٹ
اسلام آباد ،گلگت بلتستان (دنیا نیوز،سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن)کا گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر اتفاق رائے ہوگیا ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور تنظیموں کے درمیان تفصیلی مشاورت، باہمی اعتماد اور اتفاقِ رائے کے بعد سیاسی اشتراک کے تحت حکومت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ، دونوں جماعتوں نے سیاسی استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ کو مقدم رکھتے ہوئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،مسلم لیگ ن نے قائد ایوان کیلئے پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔
صدر ن لیگ جی بی حفیظ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن سپیکر کے لئے پیپلزپارٹی کو ووٹ دے گی، ڈپٹی سپیکر اور گورنر وفاقی فارمولے پر مسلم لیگ ن سے ہوگا ، مسلم لیگ ن نے قائد ایوان کیلئے پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا،پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ صدر ن لیگ جی بی حفیظ الرحمن نے کہامسلم لیگ ن سپیکر کے لئے پیپلزپارٹی کو ووٹ دے گی، ڈپٹی سپیکر اور گورنر وفاقی فارمولے پر مسلم لیگ ن سے ہوگا ۔
پیپلزپارٹی کے رہنما ئوں نے کہاقائد ایوان کیلئے ووٹ دینے اور سپورٹ کے اعلان پر ن لیگ کے قائدین کے مشکور ہیں ، امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وسیع تر مفاد پر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایوان میں ایک دوسرے کو سپورٹ کریگی، استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ اتحاد کے امور پر فیصلہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کرینگے ۔ پریس کانفرنس میں پیپلزپارٹی کے مرکزی وصوبائی قائدین ،قمر زمان کائرہ،نیئر حسین بخاری،امجد ایڈوو کیٹ شریک تھے ۔پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے سابق وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن کیساتھ ن لیگ کے پارلیمانی ارکان بھی موجود تھے ۔