20باصلاحیت کھلاڑی لاہور قلندرز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے منتخب

20باصلاحیت کھلاڑی لاہور قلندرز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے منتخب

راولپنڈی ٹائیگرز اوپن ٹرائلز میں 10ہزار سے زائد نوجوان کرکٹرز کی شرکت

راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر) راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے راولپنڈی ٹائیگرز اوپن ٹرائلز میں ہزاروں نوجوان کرکٹرز نے شرکت کی، جہاں حالیہ برسوں کے ٹیلنٹ کی تلاش کے بڑے پروگرامز میں سے ایک کا انعقاد کیا گیا۔ٹرائلز کا افتتاح وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کیا، جنہوں نے راولپنڈی کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے لاہور قلندرز کے اشتراک سے اس اقدام کو ممکن بنایا۔راولپنڈی اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی دن بھر سٹیڈیم پہنچتے رہے ۔ابتدائی مرحلے میں 10 ہزار سے زائد خواہشمند کرکٹرز کی جانچ پڑتال کے بعد سخت اور شفاف انتخابی عمل کے ذریعے تقریباً 140 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ یہ کھلاڑی دوسرے مرحلے میں پہنچے ، جہاں کوچنگ پینل کی نگرانی میں ان کا مزید تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں اس تعداد کو کم کرتے ہوئے 35 نمایاں کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جبکہ تمام مراحل میں مسلسل بہترین کارکردگی دکھانے والے 20 کھلاڑیوں کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر حتمی طور پر منتخب کیا گیا۔منتخب کھلاڑی اب لاہور قلندرز پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقی کے اگلے مرحلے میں داخل ہونگے ۔ پورے سکواڈ کو اسلام آباد کے کیپیٹل سمارٹ سٹی میں قائم سمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں باقاعدہ کوچنگ اور تربیت فراہم کی جائے گی، پروگرام کے تحت دستیاب بین الاقوامی مواقع کے سلسلے میں منتخب کھلاڑیوں میں سے ایک کو لاہور قلندرز کے سکواڈ کے ہمراہ گلوبل سپر لیگ میں شرکت کے لیے گیانا بھی بھیجا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں