پاک قازقستان باکسنگ سکلز کلینک ختم ، باکسرز کی جدید تربیت

 پاک قازقستان باکسنگ سکلز کلینک ختم ، باکسرز کی جدید تربیت

باکسنگ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے :محی الدین وانی کاخطاب

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاک قازقستان باکسنگ سکلز کلینک کیمپ اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ چھ روزہ کیمپ میں ملک بھر سے شریک باکسرز نے قازقستانی کوچز سے جدید طرز کی تربیت حاصل کی۔پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے باکسنگ ہال میں کوچنگ کیمپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی تھے ۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی اور سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود نے اس مشترکہ اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے فروغ اور باکسنگ کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کلینک کے مثبت نتائج کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستانی باکسرز کی فنی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔محی الدین وانی نے کہا کہ باکسنگ کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ان کی وزارت پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرے گی۔صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز تنگ نے قازقستانی ماہر کوچز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کلینک سے حاصل ہونے والی جدید مہارتیں پاکستانی باکسرز کی بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری اور کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں