پاکستان کا ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ 70 کروڑ ڈالر کا قرض معاہدہ
ملنے والے فنڈز انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون پر خرچ کئے جائیں گے حمیر کریم اور حسین حیدر کے دستخط، 25 کروڑ ڈالر رعایتی شرائط پر ملیں گے :ترجمان اقتصادی امور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان قرض معاہدے پر دستخط ہو گئے ، پالیسی بیسڈ قرض معاہدے کے تحت اے ڈی بی پاکستان کو70 کروڑ ڈالر دے گا۔تفصیلات کے مطابق فنڈز انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون پر خرچ ہونگے۔ ترجمان اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق 70 میں سے 25 کروڑ ڈالر رعایتی شرائط پر دئیے جائیں گے۔
پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم نے معاہدے پر دستخط کئے ، ترجمان کے مطابق معاہدے پر ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی حسین حیدر نے دستخط کئے ۔سیکرٹری اقتصادی امور نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے ۔ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے کہا کہ پروگرام کا مقصد انشورنس شعبے میں نئی کمپنیوں کا داخلہ آسان بنانا ہے ،انشورنس کمپنیوں میں منصفانہ مسابقت بڑھے گی۔