لڑکی کا اپنے اغوا کا ڈرامہ، والدین سے تاوان طلب کرلیا
برازیلیا(نیٹ نیوز)برازیل کی ریاست سانتا کاتارینا کے شہر ایتائیوپولِس میں ایک 12 سالہ لڑکی نے اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچا کر والدین سے تاوان وصول کرنے کی کوشش کی ۔
لڑکی رات تقریباً ایک بجے اپنے گھر سے غائب ہو گئی اور بعد ازاں والدین کو پیغامات بھیج کر دعویٰ کیا کہ اسے اغوا کر لیا گیا ہے ۔ پریشان والدین نے فوری پولیس کو اطلاع دی، جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔صبح تقریباً 11 بجے لڑکی نے دوبارہ رابطہ کیا اور والدین کو خبردار کیا کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو اغوا کار اسے قتل کر دینگے ۔تاہم، پولیس نے چند ہی گھنٹوں بعد لڑکی کو ایتائیوپولِس کے نواحی دیہی علاقے میں واقع ایک گھر سے بحفاظت برآمد کر لیا۔ پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران 12 سالہ لڑکی نے اعتراف کیا کہ اس نے اغوا کی پوری کہانی خود بنائی تھی۔