لبنان میں جنگ بندی کے وعدوں کی خلاف ورزی، آبنائے ہرمز بند کردی : پاسداران انقلاب جہاز گزر رہے، بندش نہیں ہوئی : امریکی حکام، آج سوئٹرز لینڈ میں امریکا ، ایران مذاکرات
شہبازشریف وفد کے ہمراہ سوئٹزر لینڈ روانہ ،فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی جائینگے ، محسن نقوی کی روانگی متوقع ،وفاقی وزیرداخلہ کی تہران میں مسعودپزشکیان اورعباس عراقچی سے ملاقاتیں اسرائیل کے لبنان اور غزہ پر حملے جاری،27شہید ، جنگ بندی کا حکومتی حکم مل گیا:اسرائیلی فوجی حکام ،امریکا کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج ،ایران میں سب کچھ ختم کر دیا:ٹرمپ
بیروت، تہران، واشنگٹن، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )اسرائیل نے لبنان میں جنگ بندی دھماکوں میں اڑا دی جس پر ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کردیا ،دوسری طرف امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات آج سوئٹزر لینڈ میں ہوں گے ،جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف زیورخ روانہ ہوگئے ہیں جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی شمولیت کا بھی امکان ہے ۔اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ حملوں میں بچوں سمیت 16 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ اسرائیل نے گزشتہ روز غزہ پربھی بمباری کی جس سے 5فلسطینی شہید ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ایران کی مرکزی فوجی کمان خاتم الانبیاء نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مفاہمتی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے ردعمل میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمدورفت کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش دشمن کی وعدہ خلافی کے جواب میں پہلا قدم ہے اور اگر جارحیت اور خلاف ورزیاں جاری رہیں تو مزید اقدامات بھی کئے جا سکتے ہیں۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں پر عمل کیا ہے لیکن اگر دوسرے فریق نے اپنے وعدے پورے نہ کئے تو سمجھوتہ خطرے میں پڑ جائے گا اور ایران جوابی اقدامات کرے گا،امریکا پابند ہے کہ وہ اسرائیل کو حملوں سے روکے ۔دوسری طرف اسرائیلی فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہیں سیاسی قیادت کی جانب سے جنوبی لبنان میں لڑائی روکنے کے احکامات موصول ہو گئے ہیں۔ فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز نے نئی ہدایات کے تحت فائر بندی پر عمل شروع کر دیا گیاہے ۔ فوج اب کسی بھی قسم کے پیشگی حملے نہیں کر رہی اور صرف دفاعی پوزیشن میں محدود کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے حزب اللہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اُس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کا اعلان واشنگٹن نے ایک روز قبل کیا تھا۔ حزب اللہ کاکہناہے کہ ایک روز قبل اعلان کردہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے ، اسرائیل نے جنگ بندی کی شقوں کی کبھی پابندی نہیں کی ۔حزب اللہ نے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی پر قائم ہے تاہم اگر اسرائیل نے لبنانی سرزمین پر قبضے یا فوجی موجودگی بڑھانے کی کوشش کی تو اس کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ امریکی فوج کے سنٹرل کمانڈ سینٹ کام نے ایرانی پاسداران انقلاب کے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز 50 سے زائد تجارتی جہاز بحفاظت گزرے ہیں۔ بیان مین کہا گیا کہ امریکی افواج علاقے میں موجود ہیں اور بین الاقوامی بحری راستوں پر آزادانہ اور محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے چوکنا ہیں۔
امریکی سنٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ 20 جون کو آبنائے ہرمز سے تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت میں اضافہ دیکھا گیا اور ایک کروڑ 70 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل اور دیگر تجارتی سامان عالمی منڈیوں تک پہنچایا گیا۔دونوں ممالک کے متضاد دعوؤں نے آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے غیر یقینی کیفیت پیدا کر دی ہے ۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی مذاکراتی ٹیم گزشتہ روز باقرقالیبا ف کی قیادت میں سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئی ہے تاکہ امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے متعلق مذاکرات میں شرکت کی جا سکے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ان مذاکرات میں امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے نمائندے شریک ہوں گے ۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ثالث کے طور پر مذاکراتی عمل کو سہولت فراہم کرتا رہے گا اور اس کا مقصد اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت کو آگے بڑھانا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ رات سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے ہیں، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی اوردیگر افرادبھی ان کے ہمراہ گئے ہیں ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی امریکا ایران مذاکرات میں شرکت کریں گے ،وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق ان کی آج سوئٹزرلینڈ روانگی متوقع ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی بین الاقوامی واٹر ٹریٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے ۔دوسری جانب ایران کا دورہ کرنیوالے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بھی سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت متوقع ہے ۔ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران میں جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو امریکا اہم بحری راستے آبنائے ہرمز پر ٹولز عائد کر سکتا ہے ۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ اگر معاہدہ مکمل نہ ہوا تو امریکا اپنی خدمات کے بدلے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک سے اخراجات کی وصولی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام امریکا کی خدمات کے عوض ہوگا۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے اور امریکا نے ایران میں سب کچھ ختم کر دیا، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دائیں بازو کے احمق اور ڈیموکریٹس کو سمجھنا چاہئے کہ ہم نے ایران جنگ میں کتنی بڑی کامیابی حاصل کی، اوباما اور بائیڈن کمزور اور غیرمؤثر رہنما ثابت ہوئے تھے ۔ ٹرمپ نے میری لینڈ میں قطر کی جانب سے تحفے میں دئیے گئے نئے ائیر فورس ون کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ایران کے معاملے میں مداخلت نہیں کی، جس پر وہ اس کے شکر گزار ہیں۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایک ہفتے کے اندر ایران کی بحریہ، فضائیہ اور ریڈار سسٹم کو ناکارہ بنا دیا۔
ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران فوجی لحاظ سے مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے اور امریکا اب پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں واپس آ چکا ہے ،آج ایران کو مضبوط کہنا مضحکہ خیر ہے ۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران اور لبنان سے متعلق امن معاہدے پر عملدرآمد کے لیے مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ۔ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام اور لبنان میں جنگ بندی کے معاملات پر پیش رفت کی کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق وہ ایک سے دو دن کے لیے اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی کہ بات چیت مثبت رہے گی اور خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی مذاکرات کار جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں اور تکنیکی امور پر کام کر رہے ہیں۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان ،وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔ ایرانی صدر نے امریکا ایران جنگ بندی مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور خصوصی طور پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہناتھاکہ پاکستان نے حالیہ بحران کے دوران ذمہ دارانہ، متوازن اور برادرانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں جنگ بندی کے معاہدے کی راہ ہموار ہوئی اور مذاکراتی عمل کو استحکام ملا۔ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو پاکستان کی جانب سے امن، مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ وزارت داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق دونوں برادر ملکوں کے رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، امریکاایران معاہدے اور امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا ہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ کا دورہ ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے ۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ بھی روانہ ہو سکتے ہیں تاہم اس حوالے سے پاکستانی حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔اسرائیل کے لبنان اور غزہ پر حملوں میں گزشتہ روز کم ازکم27افراد شہیدہوگئے ۔ عرب میڈیا اور لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ روز لبنان میں نبطیہ، جزین، صور اور صیدا کے نواحی علاقوں سمیت جنوبی لبنان کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
لبنان کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق جنوبی علاقے نبطیہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 16 افراد شہید اور 12 زخمی ہوئے ۔ لبنانی فوج نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں کفَر رمان نبطیہ روڈ پر اسرائیلی حملے میں ایک فوجی ، اورزخمی ماہر ماحولیات مونا خلیل بھی شہیدہوگئے ۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق 2 مارچ سے شروع ہونے وا لے اسرائیلی حملوں میں اب تک4057افراد شہید جبکہ 12ہزار 121زخمی ہو چکے ہیں ۔ ادھر غزہ کے صحت حکام کے مطابق ہفتے کو اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 11 افراد شہید ہو گئے ۔ غزہ سٹی کے صبرا محلے میں ایک رہائشی عمارت پر فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد، جن میں میاں بیوی اور ان کی دو بیٹیاں شامل ہیں، شہید ہو گئے ،جبکہ متعددافراد زخمی بھی ہوئے ۔ اسرائیلی فوج نے الجزیرہ سے وابستہ صحافی احمد وشاح کو حماس کا جنگجو قراردے کر انہیں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔