کھدائی کرکے گڑھے کھلے چھوڑنے پر پابندی : سرکاری فنڈز عوام کی امانت، پائی پائی کی حفاظت فرض : مریم نواز
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ای ٹینڈرنگ سے 80ارب کی بچت،سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹ 30جون تک مکمل کرنیکا ہدف مین ہول نیٹ پراجیکٹ میں تاجروں کو شریک کرنے پر اتفاق ،فلسطین و شام کے دربدرمہاجرین انسانیت کیلئے کڑاامتحان :وزیراعلیٰ
لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہیں،پائی پائی کی حفاظت اور بچت فرض ہے ،گلی،محلے اورسڑکیں کھدائی کر کے چھوڑ نہیں سکتے ، عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ،لاہور سمیت تمام شہرو ں میں کھدائی کر کے گڑھے کھلے چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ،100فیصد شفافیت اور100فیصدمعیار کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ای ٹینڈرنگ کے ذریعے 80ارب روپے کی مجموعی بچت کی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹ کی فوری تکمیل کی ہدایت کی ،اور تمام مین ہولز میں جلد ازجلد نیٹ/Mesh نصب کرنے کا حکم دیا جبکہ تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی مین ہول نیٹ/Meshپراجیکٹ میں شریک کرنے پر اتفاق کیاگیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے ویڈیو لنک جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا30جون تک تمام سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹ ہر صورت مکمل کرنے کا ہدف مقررکردیا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ نئے انڈر گراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینک میں ڈی سلٹنگ اور انڈر گراؤنڈ واٹر ری چارج سسٹم بھی شامل ہے ،صوبہ بھر میں 8لاکھ 38ہزار 555مین ہولز کی جیوٹیگنگ مکمل کر لی گئی اور نیٹ /Mesh نصب کرنے کا کام جاری ہے ،مختلف شہروں میں 3ہزار سے زائد مین ہول میں نیٹ/Meshلگادئیے گئے ،پنجاب کے 41شہرو ں میں پہلی مرتبہ ڈرین نالوں اورسیوریج لائنز کی ڈی سلٹنگ کی گئی، سیوریج لائنز اور ڈرین نالوں سے 550ٹن سلٹ /گارا وغیرہ نکا لا گیاہے ،پنجاب بھر میں روڈ سائیڈز پر 110 انڈر گراؤنڈ سیوریج ٹینک مکمل کرلئے گئے جن کی 2کروڑ 45 لاکھ گیلن سٹوریج کیپسٹی ہے -2لاکھ مین ہول پر کور،نئے ڈھکن نصب کر دئیے گئے ہیں ،پنجاب کے مختلف شہرو ں میں 91جیٹنگ، سکشن مشینیں،77ڈی سلٹنگ مشینیں اور 100 ڈی واٹرنگ سیٹ کی فراہمی جاری ہے ،51شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے ،بارش کے پانی کے نکاس کے لئے 196کلو میٹر طویل ڈرین سسٹم تیار کیا گیا ہے ،3497کلو میٹر طویل سیور لائنوں کی صفائی مکمل ہو چکی ہے۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 204ارب روپے کی لاگت سے فیز ون اور فیز ٹوپر تیزی سے کام جاری ہے ،سرگودھا،ڈی جی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ،ملتان اور سیالکوٹ میں پی ڈی پی فیز ون میں 57فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکاہے ،جہلم،حافظ آباد،ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ،ننکانہ اور راولپنڈی میں بھی پی ڈی پی فیزٹو میں 57 فیصد سے زائد کام مکمل ہے ۔مریم نواز نے پناہ گزین افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں یہ ایک کربناک مجبوری ہے ، کوئی شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا زندگی بچانے کے لئے اپنا آنگن، اپنی مٹی، اپنی چھت چھوڑنی پڑتی ہے ، جنگیں ختم ہو جاتی ہیں مگر مہاجرین کی بے گھری نسلوں تک رہ جاتی ہے ،فلسطین اور شام کے دربدر مہاجرین انسانیت کے لیے ایک کڑے امتحان کے مترادف ہیں ،دنیا کو ادراک ہونا چاہیے کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں، مظلوم ہوتا ہے ۔ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود فراخدلی سے لاکھوں مہاجرین کی با عزت طریقے سے میزبانی کی۔پاکستان ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنا ہے ،مہاجرین کی فلاح کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے ،دعا ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو اور ہر انسان کواپنے شہر اور اپنے گھر میں سکون نصیب ہو۔مریم نواز نے دریائے جہلم میں ماں اور تین بچیوں کے ڈوبنے کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی کو سرچ آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت کردی۔