حکومتی ایم پی اے کا کرنسی نوٹ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کا مطالبہ
پنجاب اسمبلی میں حکومتی و اپوزیشن ارکان میں شدید سیاسی کشیدگی، تلخ جملوں کا تبادلہ بجٹ اجلاس میں وزیر خزانہ، حتیٰ کہ وزیراعلیٰ کی موجودگی بھی ضروری ہے ، ڈپٹی سپیکر
لاہور (سیاسی نمائندہ، مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر عام بحث کے دوسرے روز بھی ایوان شدید سیاسی کشیدگی، تلخ جملوں، نعروں اور دلچسپ مطالبات کے باعث مرکزِ توجہ بنا رہا۔ اجلاس کے دوران حکومتی رکن ارشد ملک نے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ پر نواز شریف کی تصویر شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس مقررہ وقت صبح 11 بجے کے بجائے ایک گھنٹہ 24 منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا۔ آغاز ہی میں اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے وزیر خزانہ کی عدم موجودگی پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ اجلاس میں نہ وزیر خزانہ موجود ہیں اور نہ ہی کابینہ کے دیگر ارکان، ایسے میں بجٹ تجاویز کون سنے گا۔
ڈپٹی سپیکر نے اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بجٹ اجلاس میں وزیر خزانہ اور حتیٰ کہ وزیراعلیٰ کی موجودگی بھی ضروری ہے ، ‘‘ایسے نہیں چل سکتا’’۔ بعد ازاں وزیر خزانہ ایوان میں پہنچ گئے ۔اپوزیشن رکن شیخ امتیاز نے تقریر کے دوران ایران، سائفر، بانی پی ٹی آئی، ٹیکسوں اور حکومتی پالیسیوں کا ذکر کیا تو ایوان میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیاسی تقاریر ہوں گی تو حکومت بھی سیاسی جواب دے گی، جس پر اپوزیشن ارکان نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔اپوزیشن رکن مخدوم شہاب الدین نے بجٹ کو جنوبی پنجاب کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا مطالبہ دہرایا۔ حکومتی رکن ملک نوشیر نے کہا کہ اپوزیشن کو بجٹ سے زیادہ اپنے سیاسی معاملات کی فکر ہے ۔
شیر علی نے منصوبوں کو مریم نواز کے نام سے منسوب کرنے پر اپوزیشن کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی شخصیات کے نام پر منصوبے بنتے رہے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کسی کی ذات یا قیادت کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے اور ایوان میں ایک دوسرے کا مؤقف سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے ۔پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی کے جائز مطالبات پورے نہیں کیے جا رہے ۔اجلاس کے دوران حکومتی رکن ارشد ملک نے پانچ ہزار روپے کا نوٹ لہراتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا جبکہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں پانچ ہزار روپے کے نوٹ پر قائداعظم کے ساتھ نواز شریف کی تصویر بھی شامل کی جانی چاہیے ۔