ٹاورز کی تنصیب سے متعلق بل حقوق پر ڈاکہ:حافظ نعیم
گھر ہمارا مگر ٹاور لگے گا ٹیلی کام کمپنی کا، ورنہ 5کروڑ روپے کا جرمانہ ہوگا ایسے ٹاورز میدانوں میں بھی کمیونٹی کی مرضی کے بغیر نہیں لگنے چاہئیں
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الر حمن نے قومی اسمبلی سے منظور شدہ ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل 2026 پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا گھر ہمارا مگر ٹاور لگے گا ٹیلی کام کمپنی کا، ورنہ 5 کروڑ روپے کا جرمانہ ہوگا، قومی اسمبلی سے پاس ہونے والا بل جاہلانہ اور غاصبانہ ہے ۔ ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل 2026 عوام کے بنیادی حق پر ڈاکا ہے ، قومی اسمبلی میں بیٹھے ارکان آئین سے متصادم بل پاس کر رہے ہیں، ایسے ٹاورز میدانوں اور پارکس میں بھی کمیونٹی کی مرضی کے بغیر نصب نہیں ہونے چاہئیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عوامی مفاد کے خلاف بل پر آئی ٹی اور ٹیلی کام کی وزیر اور کمیٹی سربراہ کو عہدوں پر رہنا چا ہئے ؟انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کے حقوق اور آئینی تحفظات کو نظر انداز کرکے قانون سازی قابل قبول نہیں ہو سکتی۔