4ملکی وزرا خارجہ اجلاس ،اسحاق ڈار اہرہ پہنچ گئے

4ملکی وزرا خارجہ اجلاس ،اسحاق ڈار اہرہ پہنچ گئے

اسحاق ڈار مصری صدر عبدالفتاح اور وزراخارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کرینگے ازبک وزیرخارجہ بختیارسعیدوف کا فون ، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی مبارکباد

اسلام آباد (دنیا نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ،وہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل 4ملکی وزرا  خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار قاہرہ میں ہونے والے آر فور گروپ کے چوتھے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ، جہاں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اجلاس میں شریک اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔

علاوہ ازیں اسحاق ڈار مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے ، جس میں پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت اہم امور پر بات چیت متوقع ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے قاہرہ میں علاقائی سلامتی پر اہم بیٹھک کا فیصلہ کیا ہے ۔دریں اثناگزشتہ روز محمد اسحاق ڈار سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے ٹیلی فونک رابطہ کیاہے اوراپنے صدر اور اپنی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے اس عمل کو ممکن بنانے میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے تعمیری کردار اور قیادت کو سراہا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ثالث کے طور پر پاکستان کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی امن کے فروغ، نیز علاقائی امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں