بیمار قیدی کوکچھ ہواتو اڈیالہ جیل حکام ذمہ دار:ہائیکورٹ

بیمار قیدی کوکچھ ہواتو اڈیالہ جیل حکام ذمہ دار:ہائیکورٹ

14 مئی کو ڈاکٹرز نے میڈیکل رپورٹ میں لکھا ملزم کو ہسپتال منتقل کریں کان ناک میں پس پڑ گئی :عدالت،سپرنٹنڈنٹ جیل کوجاری شوکازنوٹس برقرار

اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے جیل میں علاج کی سہولت نہ ہونے پر ملزم احمد عزیز کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو جاری شوکازنوٹس برقرار رکھا۔دوران سماعت ملزم کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ میں اہم انکشاف بھی کیے گئے ،14 مئی کو ڈاکٹرز کے مشورے کے باوجود بیمار  قیدی کو ہسپتال منتقل نہ کیا جا سکا، جسٹس خادم حسین سومرو نے کہاکہ14 مئی کو ڈاکٹرز نے میڈیکل رپورٹ میں لکھا ہے ملزم کو ہسپتال منتقل کریں ،پھر آپ نے کیا کیا ہے ؟ جیل حکام نے بتایاکہ ڈاکٹرز نے کہا تھا تو ہم نے 14 مئی کے بعد پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کو لکھ دیا، جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسار کیاکہ پھر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کیا کہا ؟،اس پر جیل حکام نے بتایاکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کا ابھی تک جواب نہیں آیا، جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا آپ کو پتہ ہے آج کیا تاریخ ہو گئی ہے اور ملزم کے حوالے سے 2 ڈاکٹرز نے 14 مئی کو لکھا تھا ہسپتال منتقل کریں،رپورٹ کے مطابق ملزم کے کان اورناک دونوں میں پس پڑ گئی ہے ،اگر ملزم کو کچھ ہو گیا تو ذمہ داری آپ پر ہو گی، ایف آئی آر بھی ہو سکتی ہے ،ہوم ڈیپارٹمنٹ سے پتہ کرکے عدالت کو آگاہ کریں شوکاز نوٹس ابھی برقرار رہے گا،عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں