غزہ انتظامی ڈھانچے پر بات چیت، قبرص میں اہم اجلاس طے

غزہ انتظامی ڈھانچے پر بات چیت، قبرص میں اہم اجلاس طے

اجلاس آئندہ ہفتے ہو گا،بورڈ آف پیس ،فلسطینی ٹیکنوکریٹس شریک ہونگے ایرانی وزیر خارجہ کا حماس رہنما باسم سے رابطہ،خطے کی صورتحال پر گفتگو فی الحال امریکا نے لبنان سے انخلا کیلئے دباؤ نہیں ڈالا:اسرائیلی وزیر دفاع

نیکوسیا،تل ابیب (اے ایف پی)غزہ کے جنگ کے بعد کے انتظامی ڈھانچے اور تعمیر نو سے متعلق اداروں کے نمائندے آئندہ ہفتے قبرص میں اجلاس کریں گے ۔ قبرصی حکومت کے مطابق یہ اجلاس منگل اور بدھ کو منعقد ہوگا جس میں امریکی حمایت یافتہ "بورڈ آف  پیس" اور فلسطینی ٹیکنوکریٹس کی کمیٹی کے ارکان شریک ہوں گے ۔ حکام کے مطابق اجلاس کا مقصد غزہ میں شہری انتظامیہ کی منتقلی اور بنیادی خدمات کی بحالی کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے ۔اجلاس کو مستقبل کی حکمت عملی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران امریکا مذاکرات اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق گفتگو میں خطے میں جاری پیش رفت اور حالیہ سفارتی اقدامات پر بات چیت ہوئی۔مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے ایک گھر پر چھاپے کے دوران فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا ۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ امریکا نے اسرائیل سے جنوبی لبنان سے فوجیں واپس بلانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ وہ کسی صورت انخلا نہیں کرے گا۔ کاٹز کے مطابق فی الحال امریکا کی جانب سے انخلا کا کوئی دباؤ موجود نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں