حکومتی سکوک نیلامی ،غیر بینک سرمایہ کاروں کوشرکت کی اجازت
غیر بینک سرمایہ کار مسابقتی و غیر مسابقتی طریقوں سے بولیاں جمع کرا سکیں گے
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے بیع موجل بنیادوں پر حکومتی سکوک کی نیلامیوں میں غیر بینک سرمایہ کاروں کو بھی شرکت کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد کارپوریٹ ادارے ، میوچل فنڈز، مالیاتی ادارے اور انفرادی سرمایہ کار بھی براہِ راست اسلامی بینکوں اور اسلامی بینکاری برانچز کے ذریعے حکومتی سکوک میں سرمایہ کاری کرسکیں گے ۔اسٹیٹ بینک کے سرکلر کے مطابق غیر بینک سرمایہ کار اب مسابقتی اور غیر مسابقتی طریقوں سے اپنی بولیاں جمع کرا سکیں گے ۔اس مقصد کیلئے سرمایہ کاروں کو اسلامی بینک یا اسلامی بینکاری برانچ کے ذریعے درخواست دینا ہوگی جبکہ بینک متعلقہ سرمایہ کار کا نام، اکاؤنٹ ٹائٹل، سرمایہ کاری کی رقم اور دیگر مطلوبہ تفصیلات کے ساتھ بولی اسٹیٹ بینک کو ارسال کرے گا ۔ سرمایہ کاروں کو نیلامی میں شرکت سے قبل مقررہ اقرار نامہ بھی اپنے بینک کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ غیر مسابقتی بولی دینے والے سرمایہ کار اپنی جانب سے قیمت یا منافع کی شرح تجویز نہیں کریں گے بلکہ انہیں نیلامی میں کامیاب ہونے والی مسابقتی بولیوں کی بنیاد پر طے شدہ یکساں قیمت پر سکوک الاٹ کیے جائیں گے ۔