اسٹاک ایکسچینج :مندی کے بادل چھٹ گئے ،2حدیں بحال
1878 پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس 179571.27 پر بند ہوا 489 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ،289میں اضافہ،167کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر) اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو تیزی رہی جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس کی 1لاکھ 78ہزار اور 1لاکھ 79 ہزارپوائنٹس کی دو سطح بحال ہوگئیں ۔ رول اوور ویک کی وجہ سے مارکیٹ میں وقفے وقفے سے حصص کی فروخت بھی دیکھی گئی لیکن نئے آئی پی اوز کی آمد، معاشی بہتری سے ایک موقع پر 2ہزار 226 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1878.35 پوائنٹس کے اضافے سے 179571.27 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 525.53 پوائنٹس کے اضافے سے 53548.42 پوائنٹس، آل شیئرز انڈیکس 1073 پوائنٹس کے اضافے سے 108600 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 1936.43 پوائنٹس کے اضافے سے 256725.70 پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی طور پر 489 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 289 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 167 میں کمی اور 33 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔