قومی اسمبلی :وزارتوں،ڈویژنوں،محکموں کیلئے ضمنی گرانٹس منظور
482ارب منظور ، وزیر خزانہ نے دستاویزات،اخراجات کی رپورٹس پیش کیں
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)قومی اسمبلی نے مختلف وزارتوں ڈویژنوں اور محکموں کیلئے 482ارب روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ سے متعلقہ دستاویزات اورجدول منظور شدہ اخراجات، متجاوز اخراجات اور آڈٹ رپورٹس ایوان میں پیش کیں ،وزیر خزانہ نے ایف بی آر ترمیمی بل 2026 بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا جس کی منظوری دے دی گئی، ایئرپورٹس سکیورٹی فورس کے 6 کروڑ 48 لاکھ روپے ، کابینہ ڈویژن کے 30 کروڑ روپے ، کامرس ڈویژن کے 5 ارب 61 کروڑ روپے ، دفاعی ڈویژن کے 1 ارب 25 کروڑ 20 لاکھ روپے اور دفاعی خدمات کے 22 ارب 84 کروڑ روپے کا مطالبہ زر منظور کیا گیا،قومی اسمبلی نے دس سال قبل کیے گئے اضافی اخراجات کی بھی منظوری دے دی۔مالی سال 2016/17 میں اضافی خرچ کیے گئے اخراجات 4ارب 12کروڑ 51لاکھ 95ہزار 260روپے کی بھی منظوری دی گئی۔پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے اضافی اخراجات کے لیے 4 ارب 12 کروڑ 51 لاکھ 96 ہزار روپے کا مطالبہ زر منظور کیا گیا۔ مالی سال 2016-17 کے اضافی اخراجات کی مد میں پاکستان پوسٹ آفس کے ایک مطالبہ زر کی منظوری دے دی گئی۔ دریں اثنا سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ترمیمی)بل 2026 منظور کر لیا۔ بل میں ایف بی آر کے ماضی کے احکامات، نوٹیفکیشنز معاہدوں سمیت تمام اقدامات اور تقرریوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا۔