بجٹ کاتفصیلی جائزہ قائمہ کمیٹی خزانہ کا قابل ستائش عمل:پلڈاٹ

 بجٹ کاتفصیلی جائزہ قائمہ کمیٹی خزانہ کا قابل ستائش عمل:پلڈاٹ

کمیٹی کے ٹیکس و اخراجاتی اقدامات کا باریک بینی سے معائنہ کرنے کیلئے متعدداجلاس بجٹ سازی کے عمل میں پارلیمنٹ کا کردار مزید مؤثر بنایا جائے :حکومت سے مطالبہ

 اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کی جانب سے وفاقی بجٹ 2026-27 کے تفصیلی جائزے اور مؤثر پارلیمانی جانچ پڑتال کا خیرمقدم اور اسے سراہتی ہے ، اور اسے عوامی مالیاتی نگرانی میں پارلیمنٹ کے آئینی کردار کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتی ہے ۔پلڈاٹ اس امر کو قابلِ ستائش سمجھتی ہے کہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کی سربراہی میں بجٹ کے تفصیلی جائزے کے لیے خاطر خواہ وقت اور محنت صرف کی۔ کمیٹی نے بجٹ تجاویز کا جائزہ لینے ، حکومتی حکام، متعلقہ فریقین اور ماہرین کی آراء سننے ، اور ٹیکس و اخراجاتی اقدامات کا قومی اسمبلی میں پیش ہونے سے قبل باریک بینی سے معائنہ کرنے کے لیے متعدد تفصیلی اجلاس منعقد کیے ۔ اس سطح کی سرگرمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پارلیمانی کمیٹیوں کے احتساب، شفافیت اور باخبر مالیاتی فیصلہ سازی میں مرکزی کردار کو مزید تسلیم کیا جا رہا ہے ،پلڈاٹ مسلسل اس بات کی وکالت کرتی رہی ہے کہ بجٹ سازی کے عمل میں پارلیمنٹ کا کردار مزید مؤثر بنایا جائے ، اور اس نے برسوں سے سفارش کی ہے کہ قائمہ کمیٹیوں کو بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے مناسب وقت، تکنیکی معاونت اور ادارہ جاتی صلاحیت فراہم کی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں