پاکستان دنیا میں پیس میکر بن گیا، اب معاشی قوت بنیا ہے : اسحاق ڈار

پاکستان دنیا میں پیس میکر بن گیا، اب معاشی قوت بنیا ہے : اسحاق ڈار

حکومت بہتر معیشت کیلئے اقدامات کررہی ،میڈیا سے گفتگو،داتا گنج بخش ؒکے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا،چادر پوشی

لاہور(سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ ایران امریکا کشیدگی میں ثالثی اور سہولت کاری کا کردار ادا کرکے خطے میں امن کے قیام میں اہم حصہ ڈالا، دنیا آج پاکستان کو  ’’پیس میکر‘‘کے طور پر جان رہی ہے اور اب ملک کو معاشی قوت بنانا حکومت کا اگلا ہدف ہے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں سے پاکستان نے امن کے قیام کیلئے مو ثر سفارتی کردار ادا کیا۔ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان نے ایران پر حملے کی فوری مذمت کی اور مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان سہولت کاری کا کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک 47 برس بعد مذاکرات کی میز پر آئے ۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے ، امن پسند ملک ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ممالک کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرتا ہے لیکن اگر کسی نے پاکستان کی طرف بری نگاہ سے دیکھنے کی کوشش کی تو اس کی آنکھیں نکال دیں گے ۔ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں، ہم امن چاہتے ہیں مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ کرنا بھی جانتے ہیں۔ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا قرار دینے والوں کا بیانیہ غلط ثابت ہو چکا ہے اورتنہائی کا خواب دیکھنے والوں کو رسوائی کا سامناہے جبکہ آج عالمی سطح پر پاکستان کو امن، استحکام اور مثبت کردار کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں منفرد مقام عطا کیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو معاشی قوت بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خراب معاشی صورتحال پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے ہیں، معیشت دوبارہ استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں کو ریلیف دیا گیا ہے ۔قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ محمداسحاق ڈار نے حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا اور چادر پوشی کی، پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی، قومی یکجہتی اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں کیں ۔غسل کی تقریب میں صوبائی وزرا چودھری شافع حسین ،بلال یاسین،خواجہ سلمان رفیق اور معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب علی ڈار نے شرکت کی ۔ تقریب میں علما و مشائخ سمیت ملک بھر سے آئے زائرین نے بھی شرکت کی جبکہ معروف نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت کے نذرانے پیش کئے ۔ اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حضرت علی بن عثمان الہجویریؒ ، المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کی ابدی صوفیانہ تعلیمات اور افکار امن، رواداری، بھائی چارے ، محبتِ انسانیت اور روحانی روشنی کا عالمگیر پیغام دیتے ہیں۔اسحاق ڈار نے داتا دربار کی مذہبیہ کمیٹی روم میں قائم خصوصی فوٹوگرافک گیلری کا افتتاح بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں