لاہور، اسلام آباد ودیگر مقامات پربارش ،موسم خوشگوار

لاہور، اسلام آباد ودیگر مقامات پربارش ،موسم خوشگوار

گجرات، جہلم و دیگر شہروں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، گھنٹوں بجلی بند دیر، سوات، کوہستان، وزیرستان ،خضدار، کوہلو، بارکھارن میں بھی بارش کاامکان

لاہور،اسلام آباد،(نیوز ایجنسیاں)لاہور ،اسلام آبادسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔اسلام آباد میں جمعرات کو علی الصبح کافی دیر تک تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں کی جان میں جان آئی ،جو شدید گرمی سے پریشان تھے ۔ بارش کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہنے سے موسم خاصا خوشگوار ہوگیا۔ لاہور کے علاقوں ایبٹ روڈ، مال روڈ اور اسلامپورہ کے اطراف میں گہرے بادلوں اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ گجرات، جہلم اور دیگر شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ، متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بیشتر علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں اپر دیر، سوات، کوہستان، وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے ، بلوچستان میں خضدار، کوہلو، بارکھارن میں بادل برس سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں