روہڑی : ماتمی جلوس میں شدید گرمی، دم گھٹنے سے 4 عزادار جاں بحق، 92 زخمی

روہڑی : ماتمی جلوس میں شدید گرمی، دم گھٹنے سے 4 عزادار جاں بحق، 92 زخمی

ہسپتال منتقل ، 5 کی حالت نازک، اموات بڑھنے کاخدشہ، ضریح اقدس کربلا معلی کے تاریخی جلوس میں واقعہ پیش آیا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی روہڑی آمد ،جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، اداروں اورآئی جی کی زیر نگرانی مانیٹرنگ

 روہڑی (نمائندہ دنیا،اے پی پی)روہڑی میں 9 محرم کو تاریخی ضریح اقدس کربلا معلی کے ماتمی جلوس میں شدید گرمی، رش ،دھکم پیل اور دم گھٹنے کے باعث 4 عزادار جاں بحق، 92 زخمی ہوگئے ، 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، اموات میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ نوڈھالا کربلا معلی کا ماتمی تعزیہ شمع گل کی رسم کے بعد امام بارگاہ شاہ عراق کربلا سے برآمد ہوا، جس میں ملک بھر سے لاکھوں عزادار شریک ہیں۔

اس دوران ضریح اقدس کربلا معلی کو کندھا دینے کی کوشش کے دوران 22 سالہ محمد نوید ، 24 سالہ عمران علی ،شاہد دایو، رجب علی دایوجاں بحق جبکہ 92 عزادار زخمی ہوگئے ، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،بتایا گیا ہے کہ شدید گرمی، حبس اور عزاداروں کے رش کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہو ئے ، جنہیں ایدھی، ریسکیو 1122 اور مختلف رضاکار تنظیموں کے کارکنوں نے فوری طور پر میڈیکل کیمپوں پر پہنچایا، جہاں سے انہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں 4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ روز روہڑی پہنچے اور جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوگئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں