لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
ریکٹر سکیل پرشدت 5.9 ریکارڈ ،شہری خوفزدہ، پختونخوا اسمبلی میں بھگدڑ کوہلو:2روز کے دوران چوتھی بار زلزلہ، 90مکانات متاثر ،20افراد زخمی
اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ(خصوصی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپو رٹر )لاہور ، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہفتے کی شام زلزلے کے جھٹکے ،لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے ،پشاور اسمبلی میں بھگدڑ ، ارکان کی دوڑیں لگ گئیں ،زلزلہ کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، فیصل آباد ،سیالکوٹ ، پوٹھوہار ریجن ، مانسہرہ، شانگلہ، سوات ، ہری پور اور بونیر میں دیگر علاقوں میں گزشتہ روز شام 6 بج کر 35 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے اور شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ کے وقت پشاور میں پختونخوا اسمبلی کا بجٹ سیشن بھی جاری تھا اورزلزلہ کے جھٹکوں کے باعث ایوان میں بھگدڑ مچ گئی ، ڈپٹی سپیکر نے اجلاس 5 منٹ کیلئے ملتوی کر دیا اور خود بھی دیگر ارکان کے ہمراہ اسمبلی کی عمار ت سے باہر نکل گئے ، پشاور شہر میں بھی زلزلے کے سبب لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،آزاد کشمیر میں وادی نیلم ، مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں،گلگت بلتستان کے شہر دیامر اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
کوہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی ، مرکز ہندوکش ریجن افغانستان اورگہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے ۔ دوسری طرف افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت سرحدی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 6ریکارڈ کی گئی ہے ۔ادھر بلوچستان کے علاقے کوہلو میں ایک بار پھر گزشتہ روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،شدت 5.2 تھی جبکہ اس کا مرکز بلوچستان کا علاقہ بارکھان تھا ، زلزلے کا دورانیہ چند سیکنڈ رہا۔اس سے قبل بھی کوہلو، موسیٰ خیل، بارکھان، رکنی اوردیگر علاقوں میں دوروز کے دوران تین بار زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے جا چکے ہیں۔
زلزلہ کی اس لہر کے نتیجہ میں 90 سے زائد کچے مکانات متاثر ہوئے ، مکانات اور دیواریں گرنے سے 20 افراد زخمی ہوگئے ،تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں زلزلے سے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے ، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ادھرچیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات امیر حیدر لغاری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ روز سے اب تک مجموعی طور پر پانچ زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ،یہ زلزلے دراصل عالمی سطح پر آنے والے زلزلوں کا اثر ہیں۔وینزویلا کے تباہ کن زلزلے کے بعد زمین کے اندر توانائی کی لہریں پیدا ہوئیں جو بلوچستان اور کے پی میں بھی زلزلے کا باعث بن رہی ہیں ۔