جالگی بارڈر فوری کھولنے کیلئے ایران کیساتھ معاملات طے
ضلع کیچ میں بارڈر سے متعلق 17 مہینوں سے شدید بے چینی تھی
تربت (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے اپنے آفس میں میڈیا بریفننگ دیتے ہوئے ضلع کیچ کے عوام اور بارڈر کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاک-ایران سرحد پر واقع 'جالگی بارڈر' کو کیچ کے عوام کے روزگار کیلئے فوری طور پر کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس حوالے سے ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت میں انتہائی مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے صحافیوں کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ میں بارڈر کے حوالے سے گزشتہ 16 سے 17 مہینوں سے شدید بے چینی تھی، مقامی لوگوں کے معاشی حالات انتہائی کمزور ہو گئے ۔ انہوں نے واضع کیا کہ ضلع تمپ کے الگ ہونے کے بعد کیچ کے پاس کوئی ایسا بارڈر پوائنٹ نہیں تھا جہاں سے عوام کو سہولت دی جا سکے کیونکہ اس سے پہلے صرف سوراب کراسنگ پوائنٹ چل رہا تھا۔یاسر اقبال نے بتایا کہ آئی جی ایف سی کے ساتھ میری متعدد میٹنگز ہوئیں، جس کے بعد ایرانی حکام سے رابطہ کیا گیا۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ ایرانی سائیڈ نے ہمارے ساتھ اتفاق کیا ہے کہ جالگی بارڈر کو فوری طور پر کیچ کے عوام کے لیے کھول دیا جائے کچھ ٹیکنیکل معاملات پینڈنگ ہیں جو چند دنوں میں طے پا جائیں گے ، جس کے بعد جالگی بارڈر کو عام عوام کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا جہاں لوگ اپنا روزگار اور کاروبار کر سکیں گے ۔