چکوال،سیالکوٹ:ڈیم اور دریا میں ڈوبنے سے 5افراد جاں بحق

چکوال،سیالکوٹ:ڈیم اور دریا میں ڈوبنے سے 5افراد جاں بحق

تھنیل فتوحی ڈیم میں دو نوجوان، تلہ گنگ نہر میں ڈوب کر ایک نوجوان دم توڑ گیا سیالکوٹ دریائے چناب میں دو نوجوان نہاتے ہوئے ڈوبے ،1 لاش نکال لی گئی

لاہور، تلہ گنگ، سیالکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی) صوبہ پنجاب کے اضلاع چکوال، تلہ گنگ اور سیالکوٹ میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعات میں 5 نوجوان جاں بحق ہو گئے ۔ چکوال کے نواحی گاؤں تھنیل فتوحی میں ایک کاشتکار کے اپنے بنائے ہوئے چھوٹے   ڈیم میں علاقہ کے دو نوجوان کام کر رہے تھے کہ دونوں گہرے پانی میں جانے سے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ، ڈیم میں پانی 20 فٹ تک گہرا تھا۔ ادھر تلہ گنگ کے علاوہ نکہ کہوٹ کے قریب نہر میں نہاتے ہوئے 15 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق نوجوان کی شناخت سفیان ولد جہانگیر سکنہ نکہ کہوٹ کے نام سے ہوئی۔ نوجوان کو سی پی آر سمیت تمام ضروری ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ لاش سٹی ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دی گئی۔ ادھر ضلع سیالکوٹ میں چکرالہ کے قریب دریائے چناب میں دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق 5 نوجوان دریا میں نہا رہے تھے کہ دو نوجوان گہرے پانی میں جانے کے باعث ڈوب گئے ۔ پریم نگر کے رہائشی 18سالہ کلیم کی لاش ریسکیو کے غوطہ خوروں نے نکال لی جبکہ دوسرے نامعلوم نوجوان کی لاش کی تلاش جاری تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں