اب سیاسی نہیں، اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت:احسن اقبال

 اب سیاسی نہیں، اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت:احسن اقبال

معرکہ معیشت جیتے بغیر سفارتی و دفاعی کامیابیاں برقرار نہیں رہ سکتیں مہنگائی کم ہوگئی ، پاکستان دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکل چکا:خطاب

لاہور (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں ، اب سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں آبادی وہاں جاتی ہے جہاں مواقع ہوتے ہیں اور اب بہت سے پاکستانی واپس وطن آنا شروع ہو گئے ہیں۔مال روڈ پر ہیلتھ ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معرکۂ حق میں پاکستان کو جو عزت دی، وہ گزشتہ کئی دہائیوں میں نہیں ملی۔ ماضی کی جنگوں کا حساب ہم نے اس انداز میں لیا کہ بھارت کو جنگ بندی کے لیے امریکا کی مدد لینا پڑی، جبکہ ہماری افواج نے دشمن کو موثر جواب دیا۔

جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، مگر اپنی سیاست کو معیشت پر قربان کرکے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا۔ آج کوئی یہ نہیں کہتا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے والا ہے ، جبکہ مہنگائی 36 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد پر آ چکی ہے ۔ پاکستان کو حالیہ عرصے میں سفارتکاری کے میدان میں تاریخی کامیابی ملی ہے ۔ اگر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ نہ رکتی تو پٹرول کی قیمت 200 ڈالر سے تجاوز کر جاتی، جس کا سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑتا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں سفارتی کوششوں سے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز تک لایا گیا۔ پاکستان نے معرکہ جنگ اور معرکۂ سفارتکاری جیتا، اب معرکہ معیشت جیتنا بھی ناگزیر ہے ۔ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ خواتین کو بااختیار بنانے اور شرح خواندگی بڑھانے کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ تقریب کے اختتام پر احسن اقبال نے شرکا میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں