پختونخوا کے وسائل پر پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے :ایمل ولی

 پختونخوا کے وسائل پر پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے :ایمل ولی

گیس پنجاب منتقل کرنا آئینی خلاف ورزی،حق تلفی برداشت نہیں کریں گے درازندہ گیس فیلڈ سے پنجاب کی جانب پائپ لائن بچھانے پر اے این پی کا احتجاج

پشاور( آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے درازندہ کے کوٹ پلک گیس فیلڈ سے گیس اور تیل کی پیداوار کے باوجود مقامی آبادی کو نظرانداز کرتے ہوئے پنجاب کی جانب گیس پائپ لائن بچھانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر خیبر پختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق پامال کر رہی ہیں اور صوبے کے قدرتی وسائل پر دوسروں کا قبضہ ناقابل قبول ہے ،اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ گیس اور تیل ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ سے نکالا جا رہا ہے ، لیکن اس کا فائدہ مقامی آبادی کے بجائے دوسرے صوبوں کو پہنچایا جا رہا ہے ، جبکہ آئین کے مطابق قدرتی وسائل پر پہلا حق اسی صوبے کے عوام کا ہوتا ہے ،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا روزانہ تقریباً 500 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا کرتا ہے ، مگر صوبے کو اپنی ہی پیداوار میں سے صرف 150 ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے ، ان کے بقول، درازندہ میں مقامی آبادی کو اعتماد میں لیے بغیر پنجاب کی جانب گیس پائپ لائن بچھانا آئین، وفاقی اصولوں اور مقامی عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔اے این پی کے سربراہ نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے وسائل پر کسی بھی قسم کی حق تلفی برداشت نہیں کرے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں