راولپنڈی ڈویژن:عدلیہ کے منصوبوں کیلئے 37کروڑ سے زائد مختص
فیملی کورٹ بلڈنگ، گوجر خان جوڈیشل کمپلیکس، جوڈیشل ریسٹ ہاؤس سوئٹس کی تعمیر ہائیکورٹ بینچ کے افسروں کی رہائش گاہوں، پارکنگ پلازہ اور دفاتر کے منصوبے بھی شامل
راولپنڈی (زاہداعوان)پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی)مالی سال 27-2026 میں محکمہ عدلیہ کے راولپنڈی ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 37 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد فنڈز مختص کیے گئے ہیں، صوبے کے مختلف اضلاع میں ججز و عملے کی رہائش گاہوں، جوڈیشل کمپلیکسز اور ریکارڈ رومز کی تعمیر سمیت مجموعی طور پر 10 اہم منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے افسران کی کثیر المنزلہ رہائش گاہوں کی تعمیر کیلئے نئے مالی سال میں2 کروڑ روپے اور عملے کی کثیر المنزلہ رہائش گاہوں کیلئے 7 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ پارکنگ پلازہ اور دفاتر کی تعمیر کے بڑے منصوبے کیلئے 10 کروڑ روپے ، ضلع راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں جوڈیشل ریسٹ ہائوس میں سوئٹس اور سنگل رومز کی تعمیر کیلئے 4 کروڑ روپے ، پرانے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں فیملی کورٹ کی نئی عمارت کیلئے 3 کروڑ روپے اور جوڈیشل کالونی (جی اوآرا۔ون) راولپنڈی میں پانی کے متبادل ذرائع کی فراہمی کیلئے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں ریکارڈ روم کی توسیع کا منصوبہ مکمل کرنے کیلئے 2 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے ۔ ضلع اٹک میں عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے سب ڈویژن فتح جنگ میں ریکارڈ روم کی تعمیر کیلئے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے اور جوڈیشل کمپلیکس جنڈ میں ریکارڈ روم کی تعمیر کے منصوبے کیلئے 1 کروڑ 1 لاکھ روپے سے زائد فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔