اتھارٹی کی منظوری کے بغیر بینک اکاؤنٹ بلاک کرنے پر پابندی

اتھارٹی کی منظوری کے بغیر بینک  اکاؤنٹ بلاک کرنے پر پابندی

اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں سٹیٹ بینک نے ملک کے تمام بینکوں کو قانونی وجہ، مجاز اتھارٹی کی منظوری اور تصدیق کے بغیر اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روکتے ہوئے غیر ارادی اور احتیاطی پابندیوں سے بھی اکاؤنٹ ہولڈرز کو نقصان نہ پہنچانے کا حکم جاری کر دیا۔

 سٹیٹ بینک نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرا دی جس میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک نے عدالتی حکم پر ملک بھر کے بینکوں کو نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا یہ یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی بینک اکاؤنٹ پر ڈیبٹ بلاک، آپریشنل پابندی یا اکاؤنٹ فریزنگ کا اقدام صرف قانون کے مطابق ہو، کسی بھی شہری کے اکاؤنٹ کے حوالے سے قانونی اختیار اور مناسب تصدیق کے بعد ہی کارروائی ہو سکے گی، بینک ہدایات پر عمل درآمد کیلئے اندرونی میکانزم وضع کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانونی اختیار و اتھارٹی کی منظوری کے بغیر بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روکا ہے ، جسٹس ارباب محمد طاہر نے سٹیٹ بینک کو اندرونی میکانزم طے کرنے اور ہدایات جاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں